سرینگر،20؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)آج تک کے اسٹنگ ’’آپریشن حریت‘‘ سے بے نقاب ہونے کے بعد علیحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی نے نعیم خان کو حریت سے معطل کر دیا ہے۔ اس سے پہلے سنیچر کو آج تک کے ایک سوال پر بھڑکا نعیم خان پریس کانفرنس چھوڑ کر بھاگ نکلا۔ اس دوران اس نے پاکستان سے مدد کی بات بھی قبول کی۔ وہیں جموں و کشمیر کے علیحدگی پسند رہنماؤں کے چہرے بے نقاب ہونے کے بعد قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) نے حریت رہنماؤں کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔این آئی اے نے حریت لیڈروں کو طلب کیا ہے۔ جانچ ایجنسی نے تحریک حریت لیڈر نعیم خان، فاروق احمد ڈار عرف وٹا کراٹے اور غازی جاوید بابا کو سمن جاری کرکے پیش ہونے کو کہا ہے۔ آپریشن حریت سے بوکھلائے حریت رہنما نعیم خان نے کہا کہ میں ہندوستانی میڈیا کے تئیں ذمہ دار نہیں ہوں، میں حریت رہنماؤں اور مقامی میڈیا کے تئیں ذمہ دار ہوں۔ اس نے اسٹنگ ویڈیوکو مصنوعی اور پروپیگنڈہ قرار دیا۔